کوہاٹ (مانند نیوز ڈیسک) کوہاٹ پولیس نے 70 لاکھ روپے رہزنی کی واردات کا سراغ لگالیا۔محکمہ ڈاک کے ملازم سے بزرگ شہریوں کے پینشن کی رقم لوٹنے والے مسلح رہزن گروہ کے مرکزی ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے لوٹی ہوئی رقم اور واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ و موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیے ہیں۔رہزنی میں ملوث ملزمان کوجدید طرز تفتیش اور ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر سراغ لگا کر مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا۔ملزمان نے واردات میں استعمال ہونیوالے موٹر سائیکلوں کے پرزے بدل کر حلیے مکمل تبدیل کر رکھے تھے۔زیر حراست ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد سلیمان نے ایس پی انوسٹی گیشن کوہاٹ سید عنایت علی شاہ، ڈی ایس پی لاچی ناظر حسین اور ایس ایچ او شکردرہ جاوید خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 28فروری کو محکمہ ڈاک کا پوسٹ ماسٹر طارق محمود مقامی پنشنئیرافرادکیلئے ایک کروڑ بیس لاکھ کی رقم نیشنل بنک شکردرہ برانچ سے پرائیویٹ پک اپ گاڑی کے ذریعے رحمان آبادپوسٹ آفس لے جارہا تھا کہ راستے میں 2 موٹر سائیکل پر سوار 4مسلح ڈاکوؤں نے رہزنی کی واردات کے دوران راستہ روکتے ہوئے فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں پوسٹ ماسٹر ہاتھ پر زخمی ہوا جبکہ گاڑی کا ٹائر بھی گولی لگنے سے پھٹ گیا مسلح ڈاکوؤں نے تعاقب کرکے اسلحہ کی زور پر زبردستی پوسٹ ماسٹر سے پیسوں سے بھرا تھیلہ چھین لیا اور موقع واردات سے موٹرسائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی اور رہزنی کی اس واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش کیلئے جگہ جگہ ناکہ بندی کرلی اور جائے واردات کے قریبی علاقہ میں ملزمان کی تلاشی شروع کردی۔پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف کے ایک بڑے علاقے سے اہم شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر جھاڑیوں میں چھپایا گیا ایک موٹر سائیکل ملا جو بعد میں واردات میں استعمال ہونیوالا موٹر سائیکل ثابت ہوا۔ واردات میں استعمال ہو نیوالے اس موٹر سائیکل کے کئی پارٹس ملزمان نے پہلے سے تبدیل کر لیے تھے تاہم پولیس کی سائنسی بنیاد پر جاری تحقیق و تفتیش سے ملزمان کا سراغ لگا لیا گیااورمتذکرہ موٹر سائیکل مسمی نور خان کی ملکیت ہونے کا انکشاف ہوا اور بعد ازاں بدوران خانہ تلاشی اسی کے گھر سے موٹر سائیکل کے تمام تبدیل شدہ پارٹس برآمد ھوگئے جس سے تفتیش کا نیا رخ ملا اور صرف تین دن کے اندر اندر پولیس نے رہزنی کے تمام ملزمان کو ٹریس کرلیا۔سائنسی خطوط پر جاری اس تفتیش میں دیگر شریک ملزمان کی شناخت ہونے پر ان میں سے دو ملزمان محمد علیان ولد جعفر حسین اورکاشم رفیق عرف کاشی ولد محمد رفیق ساکنان شکردرہ کو گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے رہزنی کے حالات اور دیگر ملزمان کے نام کی تصدیق کرتے ہوئے تمام راز اگل دئیے۔ ملزمان کی نشاندہی پر انکے گھروں میں مختلف مقامات اور گاڑی کے ٹائروں میں چھپائی گئی تمام رقم،ڈکیتی میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دوسرا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ دوران تفتیش دیگردو روپوش ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے جن کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا اوررہزنی میں ملوث ملزمان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ یہ رہزنی کا ایک ایسا کیس تھا جس میں پولیس بالکل اند ھیرے میں تھی اور کسی بھی قسم کا کوئی کلیو نہیں تھا تاہم کوہاٹ پولیس کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور آفیسر ز وجوانوں کی محنت سے یہ کیس ورک آؤ ٹ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر پی اوکوہاٹ طاہر ایوب نے اس اہم کیس کی کامیابی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سرا ہتے ہوئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے