پشاور (مانند نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے دیگر حصوں کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی مہنگائی کا طوفان آگیا۔سبزیوں سمیت پھلوں،گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے انتظامیہ منظر سے غائب ہے۔مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔پشاور میں خربوزہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل 50روپے کلو فروخت کیا جارہا تھا جبکہ رمضان کی آمد پر فی کلو قیمت 150جبکہ پشاور صدر میں 200روپے تک جا پہنچی ہے۔سیب 250روپے،امرود150روپے،کیلا فی درجن 200روپے،اسٹرابری فی کلو 250روپے تک پہنچ گئی ہے۔شہر میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے اور اس رمضان مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کے دعوے جھوٹے وعدے ثابت ہوئے ہیں۔