لاہور (مانند نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں 9 جون سے شروع ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کا شیڈول معطل کردیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی سربراہی میں جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پنجاب لوکل گورنمٹ آرڈیننس 2021کے خلاف دائر چار درخواستوں پر سماعت کی۔درخواستیں طاہر سلطان چوہدری، سید مہدی حسن نقوی، نجم الحسن نقوی اور قمر الزمان کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔ درخواستوں میں پنجاب حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکلاء کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ گزشتہ دنوں پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کاشیڈول معطل کر چکا ہے۔ عدالت نے پنجاب میں 9 جون کو شروع ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کا شیڈول معطل کرتے ہوئے درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 27اے کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ جبکہ عدالت نے دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 24مئی تک ملتوی کردی۔