کابل (مانند نیوزڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مصروف شاہراہ کے قریب سکھ گردوارے میں کم ازکم دو دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا کابل کے علاقے کارتی پروان کے ایک سکھ گردوارے میں ہفتہ کوصبح ہوا۔گردوارے کے انتظامی عہدیدار گرنام سنگھ نے بتایا کہ دھماکوں کے وقت گردوارے میں تقریبا 30 افراد موجود تھے۔ گرنام سنگھ کا کہنا ہے کہ طالبان ہمیں گردوارے میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہے اور ہمیں گردوارے کے اندر کی صورتحال سے متعلق فی الحال کچھ علم نہیں ہے۔ دوسری جانب گردوار ے میں دھماکوں سے متعلق طالبان حکام کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔