کراچی (مانند نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمرنے کہاہے کہ حکومت کی نااہلی کی گواہی تو نواز شریف بھی دے رہے ہیں،ساڑھے چار ماہ ہو گئے ابھی تک ان سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نااہل ہے، ساڑھے چار ماہ ہو گئے ابھی تک ان سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا۔وزیر خزانہ خیبر پختونخوا سے متعلق سوال پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ تیمور جھگڑا نے خط میں 24 گھنٹے میں اپنی مدد کا اظہار کیا، خط میں کہا گیا کہ ہم وفاق کی مدد کے لیے تیار ہیں، 2 ماہ میں انھوں نے صوبائی حکومت سے ملاقات تک نہیں کی۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ تیمور جھگڑا صوبے کا حق مانگ رہے ہیں، حکومت کی جانب سے اپنی ناکامی کا ملبہ تیمور جھگڑا پر ڈالنے کی کوشش کی گئی، خبردار اگر کسی نے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے سے ملک کو چلائیں گے تو یہ آپ کی خام خیالی ہے، جن دعوں پر آپ نے حرام کے پیسے سے حکومت گرائی اس میں ناکام ہوئے، جو بھی ہو رہا ہے وہ آپ کی ناکامی کی وجہ سے ہو رہا ہے، آپ نااہل ہیں اور آپ نے عوام کی زندگی مشکل نہیں مشکل تر بنا دی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف کی ڈیل نہیں ہو رہی، آپ سب کو چھوڑیں آپ کی نااہلی کی تو نواز شریف گواہی دے رہے ہیں، ہم نے بہت بہتر پوزیشن میں آئی ایم ایف سے بات چیت کی تھی اور ہم ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کررہے تھے۔ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب مشکل وقت آتا ہے تو پاکستانی قوم متحد ہو جاتی ہے، جو لوگ مشکل میں ہیں قوم ان کی مدد کے لیے اٹھے گی۔سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مدد کی ہدایت کی ہے، دنیا بھر سے پیغام آ رہا ہے کہ عمران خان سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپیل کریں، عمران خان کی طرف فنڈز ریزنگ کی اپیل کیلئے کہا جارہا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی کے میں حکومتوں کو متحرک کیا گیا ہے، صوبائی حکومتوں سے بات چیت جاری ہے، فلڈ ریلیف امداد سے متعلق جلد فیصلہ ہو جائے گا۔