پشاور(مانند نیوزڈیسک) صوبائی حکومت کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر مردان جمال شاہ مہمند کی نگرانی میں دارالکفالہ کے سپرنٹنڈنٹ اسماعیل ٹکر اور انکی ٹیم نے تحصیل تخت بھائی اور شیر گڑھ میں کاروائی کرتے ہوئے درجنوں گداگر خواتین، بچے اور مردوں کو گرفتار کر کے دارالکفالہ منتقل کر دیا۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے جاری احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر سمیت ضلع مردان کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کرنے اور نشئی افراد کو علاج معالجہ کے لئے سوشل ویلفیئر کے بحالی مراکز منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر جمال شاہ مہمند کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پیشہ ور گداگروں کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن آپریشن شروع کیا گیا ہے اور صوبہ بھر کی طرح مردان کو گداگری کی لعنت سے مکمل پاک کیا جائے گا پیشہ ور گداگروں کے خلاف قانونی کاروائی جبکہ مجبور گداگروں کو دارالکفالہ منتقل کرکے معاشرے کے مفید شہری بنایا جا رہا ہے۔