اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی،حتمی رپورٹ ایک یا دو روز میں تیار کر کے وزارتِ داخلہ کو پیش کی جائے گی۔ 7 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کی ہے جس کے مطابق آگ شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ کے ایک ریسٹورنٹ میں لگی۔ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آگ کوکنگ آئل اور آگ میں شدت کا باعث بننے والے میٹریل کی وجہ سے پھیلی۔شاپنگ مال کے ایمرجنسی ایگزٹ کی جگہ مناسب روشنی کا انتظام نہیں تھا، آگ بجھانے کے لیے فائر وہیکل کا استعمال 200فٹ تک کی اونچائی سے کیا گیا۔سترہویں منزل سے اوپر آگ بجھانے میں فائر فائٹرز کو شدید مشکلات ہوئیں، مال کے آخری فلور تک شیشہ تھا لیکن ہوا کے اخراج کا انتظام نہیں تھا۔ٹاپ فلور پر وینٹی لیشن نہ ہونے کے باعث دھواں بھر گیا، ایم سی آئی کے شعبہ فائر بریگیڈ کے پاس ہیومن ریسوس کی کمی ہے۔ابتدائی رپورٹ میں تجویز دی گئی کہ شاپنگ مال کے ٹاپ فلور پر وینٹی لیشن کا نظام بنایا جائے، شاپنگ مال میں آئندہ ایسے واقعات روکنے کی تجاویزبھی دی گئی ہیں۔حتمی رپورٹ ایک یا دو روز میں تیار کر کے وزارتِ داخلہ کو پیش کی جائے گی۔