اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر کوئی قانون شکنی کرے تو ضرور قانون کے مطابق مقدمہ چلائیں اور ثابت ہونے پر سزا دیں، لیکن اگر ہمارا ریاستی نظام ایک سینئر سینیٹر کو غیر قانونی تشدد سے نہیں بچا سکتا تو 22 کروڑ عوام کو انصاف اور تحفظ اس نے خاک فراہم کرنا ہے۔ اعظم سواتی کو رہا کرو۔ ان خیالات کااظہار اسد عمر نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چند دن پہلے سعودی عرب کے بارے میں ہرزہ سرائی اور اب پاکستان پر غیر ذمہ دارانہ بیان یوں لگتا ہے صدر بائیڈن امریکی عوام میں گرتی ہوئی ساکھ سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ صدر بائیڈن پاکستان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات فورا واپس لے،ہماری موجودہ لیڈرشپ کمزور ہوسکتی ہے لیکن عوام کمزورنہیں۔