کرک (مانند نیوز) خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے شعبہ انگریزی کے کونسل آف اکیڈمک ریسرچ کے زیر اہتمام پشتو کے مشہور شاعر خوشحال بابا سیمینار سیریز میں پشتو زبان و ادب کے محقق اور ادیب ڈاکٹر بنارس خان نے پشتو کے کلاسیکی شاعری پہ سبک ہندی کے موضوعاتی اورفنی اثرات کا عمیق جائزہ پیش کیا۔آج جاری کردہ یو نیورسٹی کے پریس ریلیز میں بتا یا گیا ہے کہ ڈاکٹر بنارس خان نے پشتو کے کلاسیکی شعراء خوشحال بابا حمید بابا اور کاظم خان شیدا کےکلام کا جائزہ لیتے ہوئے سبک ہندی کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ انگریزی خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے سربراہ ڈاکٹر سید حنیف رسول کاکا خیل نے انگریزی اور میٹافیزکل سمیت رومانوی شاعری اور سبک ہندی کے اہم موضوعات کا تقابلی جائزہ لیا۔پروفیسر سید حنیف رسول کاکا خیل نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی اور پشتو ادب کے تقابلی مطالعے سے ہماری تہذیب وروایات میں پختگی کے ساتھ ساتھ نوجوان محققین کو تحقیق کے نئے زاویے ہاتھ آئیں گے۔اس سیمینار میں یونیورسٹی کے تمام شعبوں سے طلباء و طالبات اور فیکلٹی نے بھی شرکت کی۔