اسلام آبد (مانند نیوز) کابینہ ڈویژن نے جولائی سے ستمبر 2026ء کی سہ ماہی کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کر دیا جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا سمیت اہم سرکاری شخصیات کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ، وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وزیر مملکت شزہ فاطمہ کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
مشیر نجکاری محمد علی، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عمر عالم، کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال، سیکریٹری اقتصادی امور اور آمنہ بلوچ کو بھی تحائف ملے۔
جولائی تا ستمبر 2026ء کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں روضہ رسول ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈل، فیصل مسجد کا فریم، پینٹنگز، شیلڈز، چائے کے سیٹ، ٹائیاں، آرائشی اشیا، خنجر، قالین، اسکارف، ہاتھ سے تیار کردہ ایرانی تانبے کے ڈبے، چائے کے کپ، عطر، ٹیبلیٹس اور موسیقی کے آلات شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں جبکہ کابینہ ڈویژن ان کی مالیت کا تخمینہ لگوا رہا ہے۔
اس سے قبل موجودہ حکومت 2002ء سے جون 2026ء تک کا توشہ خانہ ریکارڈ عام کر چکی ہے جبکہ 1997ء سے 2001ء تک کا ریکارڈ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔