اسلام آباد (مانند میڈیا): ملک کی معروف توانائی اور گیس کی تلاش کے ادارے ‘ماری انرجی’ نے تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پسماندہ علاقوں میں پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے منتخب اضلاع کے اہل اور مستحق طلبہ کے لیے 100 فیصد اسکالرشپس فراہم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام بالخصوص ان دور دراز اور کم سہولیات کے حامل علاقوں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے جہاں تعلیمی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع محدود ہیں۔ اسکالرشپ پروگرام کے تحت درج ذیل علاقوں کے طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی:خیبر پختونخوا: ضلع شمالی وزیرستان،سندھ: اضلاع گھوٹکی اور سجاول،بلوچستان: خضدار، مکران اور دیگر منتخب پسماندہ علاقے شامل ہیں  اس اقدام کے تحت طلبہ کی ضرورت اور تعلیمی قابلیت کے مطابق مختلف تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے، جن میں 3 ماہ کے مختصر دورانیے کے پیشہ ورانہ فنی کورسز سے لے کر 4 سالہ ڈگری پروگرامز اور ڈپلومہ کورسز شامل ہیں تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر مستقبل میں روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔  اس اسکالرشپ پروگرام میں ‘کیور لائف کنسلٹنسی’ بطور معاون شراکت دار (Collaborative Partner) اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس شراکت داری کا بنیادی مقصد میڈیکل سائنسز اور اس سے منسلک شعبوں میں تعلیم کے فروغ، عملی مہارتوں کی فراہمی اور نوجوانوں کو صحت کے شعبے میں روزگار کے لیے تیار کرنا ہے۔ ماری انرجی کی انتظامیہ کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد محض تعلیمی سہولت دینا نہیں بلکہ نوجوانوں کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرنا اور قدرتی وسائل پیدا کرنے والے علاقوں میں انسانی وسائل کی ترقی (Human Resource Development) کو ممکن بنانا ہے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف انفرادی سطح پر پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو تعلیمی رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ متعلقہ اضلاع میں معاشی استکام اور دیرپا ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو محض تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہی مقصود نہیں بلکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا، انہیں خود انحصاری کی طرف گامزن کرنا اور مقامی سطح پر ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنا بھی اس اقدام کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔ پیشہ ورانہ تعلیم اور فنی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق مستقبل کی راہیں متعین کرنے اور معاشی طور پر مستحکم ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔ماری انرجیز کا یہ اقدام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیم اور ہنر مندی میں سرمایہ کاری کے ذریعے نئی نسل کے لیے دیرپا ترقی کے مواقع پیدا کیے جائیں۔  

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے