لاہور (مانند میڈیا) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک بالخصوص پنجاب اس وقت سنگین معاشی، سیاسی اور انتظامی مسائل سے دوچار ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی میں اضافے اور عوام پر مسلسل معاشی بوجھ ڈالنے کی پالیسی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور انہیں حقیقی ریلیف دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات میں شرکت کے دوران کارکنان اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال، بالخصوص پنجاب میں درپیش سیاسی، معاشی اور عوامی مسائل اور کارکنان کو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور اب تک سامنے آنے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر امتیاز احمد بریار، افضل سلہری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حکمرانوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے جمہوری اور آئینی جدوجہد کی ہے۔ پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری تحریک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو مہنگائی کے بے رحم طوفان سے نجات دلانا اور حکومت کو عوام دشمن معاشی فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا راستہ بھی اختیار کیا ہے تاکہ عوامی مطالبات کو مؤثر انداز میں حکومتی ایوانوں تک پہنچایا جا سکے۔ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے کارکنان کو مسلسل آگاہ رکھنا ضروری ہے تاکہ تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کو مشاورت اور باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔ تاہم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے محض وعدے کافی نہیں، حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان اپنا رابطہ مزید مضبوط بنائیں، پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری جدوجہد کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو ان کے حقوق کے لیے منظم کریں۔ جماعت اسلامی کی دستخطی مہم جاری ہے ۔تمام زونز میں ہر سطح کا نظم ، مارکٹیس میں ، مساجد کے باہر گراونڈز میں کیمپس لگائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف دستخط کروائے جائیں۔ضلعی ذمہ داران ان کیمپوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سیاسی مفاد کے بجائے عوامی مفاد کی خاطر میدان عمل میں ہے اور جب تک عوام کو ان کا جائز حق اور معاشی ریلیف نہیں ملتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی