پشاور (مانند میڈیا) خیبر پختونخوا کی 34سرکاری جامعات میں سے 26مالی خسارے کا شکار ہیں، وفاق سے 18ارب کی گرانٹ مانگ لی۔ سیکریٹری اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے چیٔرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو خط لکھ دیا اور بتایا کہ جامعات کا مجموعی خصارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ سرکاری جامعات میں زیر تعلیم تقریبا 2 لاکھ طلبہ متاثر ہو رہے ہیں، مالی مشکلات کے باعث طلبہ اور ان کے خاندانوں پر فیسوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، تنخواہوں اور پنشن اخراجات میں مسلسل اضافہ بوجھ بن گیا ہے۔ خط میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے جامعات کے لیے اپنی گرانٹ بڑھا کر 11ارب 85 کروڑ کردی لیکن رقم مالی مشکلات کے خاتمے کے لیے ناکافی ہے، وفاقی حکومت مالی معاونت فراہم کرے۔ خط میں بتایا گیا کہ گزشتہ 10 سالوں میں جامعات کو گرانٹس کی مد میں 18 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا جبکہ گزشتہ 3 سالوں میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں 6اعشاریہ 3 فیصد کمی ہوئی۔