اسلام آباد (مانند میڈیا) وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کی 31ویں کانفرنس (COP-31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم 10 سے 12 نومبر 2026 تک ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم آفس کیمیڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر کو عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرہ ارض کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ٹھوس، مؤثر اور مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد میں اضافے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔ وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے موسمیاتی مالی معاونت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ اس سلسلے میں مستحکم، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی مالی معاونت کی فراہمی کی ضرورت اجاگر کرتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی تعاون پر زور دیں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور متعلقہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق COP-31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے عالمی ایجنڈے کے لیے پاکستان کی حمایت اور اس حوالے سے بین الاقوامی کوششوں میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ دورہ پاکستان کو عالمی برادری کے ساتھ مل کر موسمیاتی بحران سے نمٹنے، اس کے منفی اثرات کم کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی کے معاملے کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔