لاہور (مانند میڈیا)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر اور مجید غوری نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی شہریوں کی صحت اور زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ افسوسناک امر ہے کہ ہر سال سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور کے شہری زہریلی فضا میں سانس لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں، لیکن اس مسئلے کا مستقل حل آج بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال بچوں، بزرگوں، سانس اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں اور ان محنت کشوں کی ہے جو روزگار کی خاطر سارا دن سڑکوں اور کھلے مقامات پر کام کرتے ہیں۔ کیا ایک مزدور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے اپنی صحت داؤ پر لگاتا رہے گا؟ کیا والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجتے ہوئے ان کی صحت کے بارے میں خوفزدہ رہیں گے؟ شہریوں کو صاف ہوا میں سانس لینے کا حق دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔فیصل میر نے کہا کہ اسموگ کے نام پر وقتی اقدامات، چند دن کی مہمات اور محض بیانات کافی نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، صنعتی آلودگی، غیر معیاری ایندھن اور فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت لاہور کے سرکاری و نجی اسکولوں، ہسپتالوں اور مزدور طبقے کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے، شہریوں کو فضائی آلودگی کے مستند اعدادوشمار فراہم کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات بڑھائی جائیں۔صدر پیپلز پارٹی لاہور نے کہا کہ لاہور صرف عمارتوں، سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کا نام نہیں بلکہ یہاں لاکھوں انسان بستے ہیں۔ شہر کی ترقی کا اصل معیار بلند عمارتیں نہیں بلکہ شہریوں کی صحت، محفوظ زندگی اور صاف ماحول ہے۔ حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ صاف ہوا کسی حکمران کا احسان نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ عوام کو ایسے حالات میں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا، اسموگ کے خلاف فوری، مستقل اور نتیجہ خیز اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے