اسلام آباد (مانند میڈیا) ممتاز دانشور، کالم نگار، شاعر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں سابق پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کی پہلی برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں چیٔرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سمیت مختلف سیاسی، علمی، ادبی اور صحافتی شخصیات نے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں تحمل، شائستگی، بردباری اور اعلیٰ علمی و ادبی صلاحیتوں کا حامل انسان قرار دیا۔ ریفرنس میں عرفان صدیقی کے نام سے پارلیمانی ایوارڈ کے اجرا کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ منگل کو منعقدہ تعزیتی ریفرنس کی صدارت چیٔرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے صدر محمد اعجاز الحق، سینیٹر شہادت اعوان، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، صحافیوں، دانشوروں، عرفان صدیقی کے اہل خانہ، دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ چیٔرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوست عرفان صدیقی کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس میں شریک ہوئے ہیں۔ عرفان صدیقی اپنے نظریے پر مضبوطی سے قائم رہتے تھے، تاہم گفتگو میں شائستگی اور خوش اخلاقی کو ہمیشہ برقرار رکھتے تھے، جو ان کی شخصیت کی نمایاں خوبی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کا شمار دس بہترین پارلیمنٹیرینز میں ہوتا تھا۔ ان کا سب سے بڑا وصف تحمل اور ٹھنڈا مزاج تھا، جس کی آج معاشرے میں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہیں امید ہے کہ عرفان صدیقی کے بچے ان کا مشن آگے بڑھائیں گے۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ سیاست میں آنے سے پہلے ہی عرفان صدیقی کے کالم پڑھا کرتے تھے، بعدازاں سیاست میں آنے کے بعد ان سے دوستی ہوگئی۔ عرفان صدیقی انتہائی باصلاحیت شخصیت تھے، جنہوں نے بہترین استاد، منفرد کالم نگار اور کامیاب سیاست دان کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی نے ان کے سیاسی سفر میں رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مدد کی۔ قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے وزیر کی حیثیت سے بھی انہوں نے مثالی کام کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ عرفان صدیقی کے ہر شاگرد کو ان سے قربت اور محبت کا احساس رہا۔ وہ اپنے شاگردوں پر فخر کرتے تھے اور ان سے خصوصی محبت رکھتے تھے۔ وہ اعلیٰ پائے کے لکھاری ہونے کے ساتھ سیاست میں بھی منفرد نقش چھوڑ گئے۔ ان کے انتقال سے سینیٹ ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ عرفان صدیقی سے ان کا 38 سالہ تعلق رہا۔ ان جیسا ذہین اور بہترین لکھاری ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں بھی قابل قدر خدمات انجام دیں۔ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عرفان صدیقی کے ساتھ ان کا تعلق پیر اور مرید جیسا تھا اور انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔ عرفان صدیقی کے صاحبزادے اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب عمران خاور صدیقی نے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد میں تعاون پر چیٔرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی نے زندگی کے ہر شعبے میں کمال حاصل کیا۔ وہ ہر دلعزیز استاد تھے اور آخری وقت تک اپنے شاگردوں کو عزیز رکھتے تھے۔ سیاست میں آنے کے بعد بھی انہوں نے تحمل، بردباری اور شائستگی کی اپنی روایت برقرار رکھی۔ عمران خاور صدیقی نے کہا کہ ان کے والد کا اپنے تمام بچوں کے ساتھ دوستانہ تعلق تھا۔ انہوں نے 16 کتابیں تصنیف کیں، تاہم اپنی علمی و ادبی مصروفیات کو خاندانی اور سماجی تعلقات پر کبھی اثر انداز نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عرفان صدیقی کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کی گئی ہے، جس پر ان کی تصانیف، انٹرویوز اور تقاریر دستیاب ہوں گی۔ سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے عرفان صدیقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نام سے پارلیمانی ایوارڈ شروع کرنے کی تجویز دی۔ ڈاکٹر فاروق عادل نے کہا کہ عرفان صدیقی اعلیٰ ظرف اور برداشت کے حامل انسان تھے۔ انہوں نے تدریس، کالم نگاری اور سیاست کے شعبوں میں کامیابی کی مثال قائم کی۔ تقریب کے دوران ممتاز شاعر رحمن فارس نے نظامت کے فرائض انجام دیے، حافظ نسیم خلیل نے تلاوت قرآن پاک جبکہ آغا نظام خلجی نے نعت پیش کی۔ خطہ پوٹھوہار کی معروف روحانی شخصیت پیر آغا کی سرکار نے سینیٹر عرفان صدیقی کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کرائی

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے