اسلام آباد (مانند میڈیا)اسلام آباد 31 دسمبر تک پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس (cashless) شہر بن جائے گا، جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ICT) اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے تمام محکموں میں 30 نومبر کے بعد نقد ادائیگیاں (cash payments) بند کر دی جائیں گی. یہ فیصلہ جمعہ کے روز "کیش لیس اسلام آباد” اقدام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کی. اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کا ہدف 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم میں لانا ہے، اور دارالحکومت میں پہلے ہی 26٫000 تاجر اس ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہو چکے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، جس سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور ٹرانزیکشن کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی. وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت انتہائی اہم ہے، اور یہ اقدام وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر تیزی سے نافذ کیا جا رہا ہے. وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم کو یقین دلایا تھا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا. اجلاس میں چیٔرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی. اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بینکنگ کے نمائندوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے. واضح رہے کہ یہ اجلاس حکومت کی جانب سے کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ملک بھر میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے قیام کے لیے واضح ٹائم لائنز اور اہداف کے ساتھ ایک روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی تھی. وزیر اعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیاں کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے صارفین اور تاجروں کے درمیان "راسٹ کیو آر کوڈ” (Raast QR Code) کے ذریعے ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے پر زور دیا ہے.