لاہور (مانند میڈیا) پاکستانی اداروں میں معیار، پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو بہتر بنانے، مقامی پیشہ ور افراد کو جاپانی ورک کلچر اور جدید انتظامی اصولوں سے روشناس کرانے اور پاکستان و جاپان کے درمیان پیشہ ورانہ اشتراک اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کیلئے پاکستان جاپان بزنس فورم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اشتراک سے ”جاپانی کام کی جگہ پر عمدگی کا پروگرام” کے عنوان سے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کے مہمان خصوصی پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی تھے، جبکہ کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل ہتوری مسارو، پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ مانڈوی والا، سینئر وائس چیئرمین اکی ہیرو یوشیمورا، وائس چیئرمین سید فیروز شاہ، سیکرٹری جنرل حمزہ بن طارق، خزانچی معین الرحمن سمیت فورم کے دیگر عہدیداران اور پاکستانی و جاپانی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ورکشاپ میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی کنٹرول کے ڈاکٹر کامران موسیٰ نے بطور ریسورس پرسن خدمات انجام دیں۔ انہوں نے شرکاء کو جاپان کے کامیاب صنعتی نظام، پیشہ ورانہ نظم و ضبط، وقت کی پابندی، ٹیم ورک، باہمی تعاون اور مسلسل بہتری کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جاپانی اداروں میں رائج جدید انتظامی طریقہ کار اور کام کے معیار کو بہتر بنانے کے عملی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ورکشاپ کے اختتام پر جاپانی ورک کلچر اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے موضوع پر مرتب کی گئی ایک کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین اور مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ نے تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد پاکستانی اداروں میں جاپانی تجربات اور بہترین پیشہ ورانہ روایات کو متعارف کرانا، افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا اور نوجوانوں کیلئے عالمی سطح پر ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔ مہمان خصوصی جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، پیشہ ورانہ روابط، تجربات کے تبادلے، صنعتی اور پیشہ ورانہ روابط کے فروغ اور پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا