اسلام آباد(مانند میڈیا )سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی۔شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے اجلاس میں شریک اعلی حکام کو سعودی قیادت کی جانب سے خصوصی خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ان کا کہناتھا کہ ملاقات اور اجلاس کے دوران اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ اجلاس میں استنبول اوراسلام آباد میں ہونے والے اجلاسوں کے نتائج کو آگے بڑھانے اور ان پر موثر انداز میں عمل درآمد کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اتحاد بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔سعودی وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرتپاک استقبال اور فراخ دلانہ میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں۔