سوات (مانند نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ کالام اور دیگر ہسپتالوں کو ادویات اور طبی سامان صوبائی ہیلی سروس کے ذریعے پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ سوات کے تمام ہسپتالوں میں وافر مقدار میں طبی سہولیات موجود ہیں، ان کا کہنا ہیکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مقامی آبادی کو علاج و معالجہ کی سہولیات بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں جس کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے طبی سروس فراہم کررہے ہیں جبکہ دیگر عملہ بھی ہمہ وقت خدمت میں مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ تحصیل مٹہ کے ہسپتال سمیت سخرہ اور دیگر صحت مراکز کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں صورت حال قابو میں ہے جہاں بھی عوام کو علاج معالجہ سے متعلق شکایات ہوں تو وہ ڈی ایچ او آفس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو سیلابی پانی کی چشموں و دیگر ابی ذخیروں میں آمیزش کے پیشِ نظر پانی اوبال کر پینے کی تلقین کی ہے۔