ْڈیرہ اسماعیل خان(مانند نیوز)گومل یونیورسٹی کی ڈین فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر تبسم نصیر ریٹائر ہوگئیں۔اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے پروفیسر ڈاکٹر تبسم نصیر کی فروغ علم اور ادارے کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تبسم نے بطور پروفیسر طبیعیات ہونے کے گومل یونیورسٹی کے مختلف عہدوں پر جس طرح اپنی مثبت صلاحیتوں سے فروغ علم اور ادارے کی ترقی میں جو کردار ادا کیا ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ گومل یونیورسٹی کی ترقی اور خوشحالی میں ڈاکٹر تبسم نصیر جیسے قابل، محنتی اورفرض شناس ملازمین کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور انکے جانے سے ادارے میں جو خلاء پیدا ہو گاوہ شاید ہی مدتوں میں پورا ہو۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر تبسم نصیر نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میرا اپنا ادارہ ہے اور جب کبھی گومل یونیورسٹی کو میری ضرورت پڑی تو اپنے ادارے کی ترقی و خوشحالی کیلئے میری خدمات ہمیشہ حاضر ہونگے کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ سے ہمیشہ عزت و احترام ملا جس پر میں گومل یونیورسٹی انتظامیہ اور خصوصا تمام سابق وائس چانسلر ز سمیت موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوںکیونکہ آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ اس ادارے کی وجہ سے ہوں۔آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے ریٹائر ہونیوالی ڈین پروفیسر ڈاکٹر تبسم نصیر کو انکی بہترین خدمات کے پیش نظر گومل یونیورسٹی کی اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔