پشاور(مانند نیوز)وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج پورا ملک عمران خان کے نااہل ہونے پر خوشی منا رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد ملک بھی گرے لسٹ سے باہر آگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں عمران خان کی نااہلی پر خوشی منانے کی ایک منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی نہیں سوچا کہ اس کے بیانہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ عمران خان جھوٹ بول کر پاکستانی عوام کو گمراہ کر رہا ہے لیکن عوام اب اس کی اصلیت جان چکی ہے۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ، سونامی پراجیکٹ سمیت متعدد منصوبوں میں کرپشن کرنا ان کے کارنامے ہیں۔ قومی تحفوں کو بازار میں فروخت کیا گیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو چور کہتا تھا مگر آج خود چور ثابت ہو گیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب کے لیے ایک جیسا نظام انصاف ہونا چاہیئے۔ سب کچھ اگر پی ٹی آئی پر چھوڑ دیا جائے تو پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے۔ عمران نیازی نااہل نہ ہوتا تو آنے والے الیکشن میں خواتین نشست کیلئے بھی امیدوار ہوتے۔ عمران خان کو صرف اقتدارچاہئیے اور کچھ نہیں۔ عمران خان اب حکومت نہیں بلکہ جیل جائیں گے۔ منعقدہ تقریب میں عمران خان کی نااہلی پر خوشی منائی گئی۔