ْڈیرہ اسماعیل خان(مانند نیوز)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی ہدایت پر ڈائریکوریٹ آف سٹوڈنٹس آفیئرکے زیر اہتمام قومی اور بین الاقوامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے شایان شان تقریب کا گومل یونیورسٹی کے کرکٹ گرائونڈ میںانعقادکیا گیا جس میں گومل یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستان کی تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے اپنی اپنی روایتی ثقافت پیش کی’تقریب میں کشمیری کی ثقافت پر طلباء کا خوش و خروش قابل دید تھا اور گرائونڈ”کشمیر بنے گا پاکستان ” اور” پاکستان زندہ باد ”کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ دوسری جانب غیر ملکی طلباء کی جانب سے اپنے ممالک کی تہذیب و ثقافت پیش کی اورخصوصی طور پر توجہ کا مرکز بنے رہے جبکہ گھوڑا ڈانس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں خصوصی طور پر پاکستان کی حفاظت اور قیام امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہدائے افواج پاکستان ‘ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ گومل یونیورسٹی کا کرکٹ گرائونڈ نے تمام زبانوں کو تہذیبوں کو یکجا کرکے اپنے اندر سمائے ہوئے مملکت خداد ادپاکستان کا ایک خوبصورت اور دلکش منظر پیش کرتارہا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رجسٹرار گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر تھے۔جبکہ ان کے ہمراہ تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹر ز ، سربراہان، انتظامی افسران، میڈیا اور طلباء کی بڑی تعدادشریک تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولۖ پیش کی گئی اور بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا ۔اس موقع پر ججز کے فرائض ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ضیاء الدین، چیئرمین شعبہ ریاضی و پرووسٹ ڈاکٹر سمیع اللہ خان،ڈائریکٹر ایڈمیشنز، ریاض احمد بیٹنی انجام دے رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر نے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ آج پاکستان کی ہر زبان کی ثقافت میرے سامنے ہے اور سب سے اہم چیز کشمیری اور غیر ملکی ثقافت کا ہمارے ساتھ ہونے انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ آج گومل یونیورسٹی میں یکجہتی کا مثال نظر آرہی ہے اور اس کا تمام تر سہرا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو جاتا ہے جن کی ہدایت پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئر ڈاکٹر جبار خان نے اس عالیشان پروگرام کا انعقاد کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کا وجود ہی ہمارے بقاء ہے جس کے تحفظ کیلئے ہماری تین مسلح افواج ، ہماری پولیس سمیت دیگر تمام سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں نے اپنی قیمتی جانیں تک قربان کر دیں جس پر ہم ان سب کو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں اور آج کی اس تقریب سے انکے خاندانوں کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے شہداء کو نہ ہی کبھی بھولے تھے اور بھولیں گے۔ تقریب میں تمام زبانوں کے ثقافت نے اپنی روایتی انداز سے پنڈال میں انٹری کی اور اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سٹال بھی لگائے۔ پروگرام کے ججز نے تمام سٹالز کا جائزہ لیا اور بہترین ثقافت پیش کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے۔