مردان (مانند نیوز ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہے اور بہت جلد صوبے کے تمام اضلاع میں بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔یونیورسٹی میں بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کا مقصد یونیورسٹی میں سیاسی مداخلت روکنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام ضلع مردان کے جنرل سیکرٹری مولانا امانت شاہ حقانی کی قیادت میں وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفد میں جمعیت علماء اسلام تحصیل مردان کے امیر مولانا محمد عاقل انصاری،قاری نیاز علی حقانی اور دیگر بھی شامل تھے۔حاجی غلام علی نے کہاکہ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔اعلیٰ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں شروع کر دی گئی ہے اورلوگ بہت جلد اس حوالے سے حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیز اور انڈسٹری کے مابین روابط کو بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کا رلائیں گے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کو تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور تحقیق کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی کام کرنا ہوگا۔گورنر نے کہاکہ عبد الولی خان یونیورسٹی مردان،وومن یونیورسٹی مردان اور یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوششیں کی جائے گی۔انہو ں نے کہاکہ صوبے کے وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے۔انہیں گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں کی طرح دیہات میں بھی صفائی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔