لوئر دیر(مانند نیوز) میں منشیات کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا 182 ونگ ثمرباغ کی طرف سے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں اسسٹنٹ کمشنر ثمرباغ محمد سہیل، ایس ڈی پی او جندول ناصرخان، ٹی ایم ا وثمرباغ فرمان علی، علاقائی مشران، اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے اسسٹنٹ کمشنر ثمرباغ محمد سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے اور اس رجحان کی حوصلہ شکنی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے واک میں شامل طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے خلاف سب ڈویژنل ایڈمنسٹریشن اپنا کردار ادا کرے گا۔