اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا،حالات جیسے بھی ہوں سابق حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی،کفایت شعاری مہم پر سختی سے عملدرآمد کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ میثاق معیشت کریں،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوئی، آئی ایم ایف کے نویں جائزے کی تکمیل میں میرے خیال میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، امید ہے آنے والے چند روز میں معاہدہ ہو جائے گا۔اسلام آباد میں پبلک فنانشل مینجمنٹ کی مضبوطی کے ذریعے معاشی استحکام کی بحالی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران کی گئی معاشی بد انتظامی کے باعث 2013 سے 2018 تک حاصل کی گئی ترقی کو مکمل طور پر ریورس گیئر لگ گیا، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجٹ خسارے میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 2016اور 2017کے دوران ملک کی معیشت دنیا میں 24 ویں نمبر پر تھی، عالمی ایجنسی نے پیش گئی کی تھی کہ 2030تک پاکستان جی 20 ممالک میں شامل ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے تکلیف محسوس ہو رہی ہے کہ 2022میں پاکستان دنیا کی معاشی فہرست میں 47 ویں نمبر ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پر عزم ہیں، ہم نویں جائزے کے عمل میں ہیں، میرے خیال میں اس میں میری توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے لیکن امید ہے آنے والے چند روز میں معاہدہ ہو جائے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے اور میری ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ان تمام وعدوں اور کمٹمنٹ کو پورا کریں گے جو گزشتہ حکومت نے کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے قرض پروگرام کی شرائط پر اتفاق کیا تھا لیکن پھر اپنے وعدوں کا احترام کرنے کے بجائے انہوں نے شرائط کی خلاف ورزی کی، اس کی وجہ سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سمجھا کہ وعدے کسی فرد نے نہیں بلکہ ریاست پاکستان نے کیے اور اس نے وعدوں کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واحد مکمل ہونے والا آئی ایم ایف پروگرام مسلم لیگ(ن)کی حکومت میں مکمل کیا گیا تھا، مشکل معاشی حالات ورثے میں ملے، حکومت معیشت کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2023-24کے لیے معاشی اور مالیاتی فریم ورک کی تیاری کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر آنے والا بجٹ ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کی جانب ایک قدم ہوگا۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ بڑے معاشی چیلنج پر غور و فکر کریں اور معیشت کی بحالی کے لیے پالیسی سفارشات اور حل تجویز کریں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں بھی ایسے ہی معاشی چیلنجز کا سامنا تھا لیکن ہم نے ملک کو بحران سے نکالا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے پاکستان کو سیاسی بحران میں دھکیل دیا، پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا جن کا مقصد ملکی اخراجات پر قابو پاناہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چارٹر آف اکانومی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام تجاویز و سفارشات کا خیر مقدم کرے گی۔ اسحاق ڈار نے ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں کے اقدامات کو سراہا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے