کراچی(مانند نیوز ڈیسک) ورلڈ بینک کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سیلاب کے بعد اب ہیٹ ویوز جیسے خطرات بھی ہوسکتے ہیں۔ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر ساتھ ایشیا جان اے روم نے وفد کے ہمراہ زیراعلی سندھ مرادعلی شاہ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2022 میں تباہ کن سیلاب آیا، ملک کاایک تہائی حصہ پانی میں ڈوب گیا۔ ورلڈ بینک کے وفد نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے 1700 لوگ جاں بحق، 33 ملین لوگ متاثر جبکہ 16 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، سیلاب سے مزید 84 سے 91 لاکھ لوگ غربت کا شکار ہوں گے۔ سیلاب کے بعد اب ہیٹ ویوز جیسے خطرات بھی ہوسکتے ہیں۔ ورلڈ بینک کی جانب سے تجویز دی گئی کہ ملک میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو شروع کی جائے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ بینک کے وفد کو آگاہ کیا کہ سندھ میں زراعت کی بحالی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، کاشتکاروں کو گندم کے بیج کے لیے مالی مدد کی گئی، زرعی زمینوں سے پانی کی نکاسی کرکے خریف کی فصل اگائی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال سندھ میں گندم کی بہترین فصل ہوئی ہے، سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4000 روپے فی من مقرر کی۔