لاہور(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ریاست کی کمزوری کے تاثر کی ذمہ دار عدالتیں ہیں،سیاسی لیڈر عدالتوں میں ڈنڈے لے کر نہیں جاتے،میرا سوال ہے کہ کیا انصاف ڈر گیا ہے، انصاف دہشت گردوں سے خوفزدہ ہے؟،یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک شخص کو عدالت بلائے اور وہ عدالت جاتے ہوئے جتھے لے کر پہنچے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو عدالتیں مسلسل بلا رہی ہیں لیکن وہ پیش نہیں ہو رہے عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونی ہے، 18اگست 2022 سے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، 18اگست، 21اکتوبر، 7جنوری، 31جنوری، 24فروری، 9 مارچ اور 13مارچ کو بھی پیش نہیں ہوئے اور انہیں استثنیٰ مل گیا، پھر 13مارچ کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، پولیس کو کہا گیا کہ انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان غیر ملکی میڈیا کو کہتے ہیں کہ میرے پاس حفاظتی ضمانت ہے، وہ جھوٹ بولتے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں معذور ہوں، بزرگ ہوں، بیمار ہوں جس کی وجہ سے میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر ان کے پاس حفاظتی ضمانت تھی تو پھر وہ بیمار اور معذور کیوں ہیں، جب پولیس گرفتار کرنے آئی تھی تو اس کو حفاظتی ضمانت دکھادیتے، اگر ضمانت موجود تھی تو پھر انڈر ٹیکنگ کیوں دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے نمائندے، ڈنڈے، غلیلیں لے کر عدالت میں پیش ہو نے گئے، جن جماعتوں کے پاس مقبولیت ہوتی ہے انہیں کالعدم تنظیموں کے لوگ حفاظت کے لئے نہیں چاہیے ہوتے، وہ عدالتوں میں ڈنڈے لے کر نہیں جاتے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پولیس وینز پر پٹرول بم پھینکے گئے، عدالت جانے والی گاڑی پر ڈنڈے اور اسلحہ لہرا یا گیا، 65 پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے والے کو آسانی سے ضمانت مل جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ نہیں ہوسکتا کہ توہین عدالت پر تو سزا ملے لیکن اسی عدالت کے احکامات کی تعمیل کے لئے جانے والی پولیس پر حملے کئے جائیں اور پھر حملہ آوروں کو ریلیف بھی مل جائے، پھر ریاست کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ریاست کی کمزوری کے تاثر کی ذمہ دار عدالتیں ہیں، اور وہ فیصلے ہیں جو ریاستی رٹ کو کمزور کرتے ہیں، ایک طرف عدالتیں وارنٹس جاری کرتی ہیں اور پھر اسی دہشت گرد کو ریلیف دیتی ہیں۔