پشاور(مانند نیوز)خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا ہے کہ نوجوان ڈاکٹرز ہمارے امیدوں کا مرکز ہیں انہیں جدید طبی علوم اور مہارتوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ طبی اخلاقیات سے مسلح کرنا ہمار مشن ہے۔ کمز اور کڈز کی نئی عمارتوں میں منتقلی سے انکے وہ تمام مسائل حل ہو جائیں گے جو انکی ہمہ جہت ترقی کی راہ میں رکاوٹ تھے۔ کمز اور کڈز کو انڈر گریجویٹ کے بعد جنوبی اضلاع کے لئے پوسٹ گریجویٹ تعلیم وتحقیق کا مثالی مرکز بنایاجائے گا۔انہوں نے ان خیالات کااظہارکے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (کمز) اور کے ایم یو انسٹی ٹیو ٹ آف ڈینٹل سائنسز(کڈز)کے زیر اہتمام سال اول کے طلباء و طالبات کے لئے منعقدہ وائٹ کوٹ اور دونوں کالجزکی نئی عمارتوں کی مشترکہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاہے جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدحفیظ اللہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمدسلیم گنڈاپور، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عظمت اللہ وزیر،کمزکے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طارق مفتی، پروفیسر ڈاکٹر سلیم خٹک، پروفیسر ڈاکٹر لعل محمد خٹک، موجوہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مسرت جبین،کڈز کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عزیز مرجان، موجودہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فہیم اللہ، فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے طلباء و طالبات کوکمزاور کڈز میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپکے والدین خوش قسمت ہیں کیونکہ آپ کو طب جیسے مقدس پیشے میں اپنے جوہر دکھانے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپ کو اچھا ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ بہترین اخلاق سے بھی خود کو متصف کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کمز اور کڈز کو ملک کے مثالی طبی ادارے بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ اگلے تعلیمی سال سے کمز کی نشستیں 200 اور کڈزکی نشستیں 100 تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ کمز اور کڈز کو جنوبی اضلاع میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کے مثالی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جنوبی اضلاع میں کمز اور کڈز کی اپنی عمارتوں میں منتقلی کے بعد ہمارا ہدف پشاور اور سوات ریجن میں دو مثالی میڈیکل کالجزکی تعمیر ہے جن پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو کا اپنا جنرل ہسپتال بنانے کیلئے وہ عنقریب پلاننگ کمیشن اسلام آباد کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو نے پچھلے دس سالوں کے دوران جو ترقی کی ہے اس کی نظیر کوئی اور ادارہ پیش نہیں کر سکتا ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے مشکور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگرنیتوں میں اخلاص ہو تو اللہ تعالیٰ ہر عمل اور کوششوں کا صلہ کئی گنا بڑھا کر دیتا ہے۔ انھوں نے نئے طلباء و طالبات پر اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی شخصیت سازی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کوفروغ دینے کی نصیحت کی۔ قبل ازیں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء الحق نے دیگر شرکاء کے ہمراہ کمز اور کڈز کی نئی عمارتوں کابا ضابطہ افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ دونوں کالجز کی نئی عمارتیں 27.47ملین روپے کے اخراجات سے آٹھ سال کے عرصے میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی فنڈ سے کے ڈی اے کوہاٹ میں 120کنال رقبے پر تعمیر کی گئیں ہیں جہاں اکیڈیمک سہولیات کے ساتھ ساتھ لیبارٹریوں،لائبریری،کیفے ٹیریا، ہاسٹلز، جیم اور انڈور کھیلوں کی سہولیات بھی دستیاب ہونگی۔