ملاکنڈ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شہاب محمد خان کی خصوصی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد نے سماج دشمن عناصر کے ساتھ ساتھ ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے اس سلسلے میں انہوں نے ایک خفیہ ذرائع پر سب ڈویژنل فارسٹ آفسیر کے ہمراہ موضع تھانہ روڈ پر لکڑی کے ایک گودام پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران انہوں نے گودام میں 65 غیر قانونی قیمتی سلیپران کو برآمد کرکے قبضے میں لے لیا اور ٹمبر سمگللروں کو موقع پر گرفتار کرکے مزید فارسٹ ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی کرنے کے لیے سب ڈویژنل آفیسر کے حوالے کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ جنگلات ہمارا قومی اثاثہ ہیں اس لیے جنگلات کے غیر قانونی کٹائی اور ٹمبر سمگللروں میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر نے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں گران فروشوں،ذخیرہ اندوزوں اور خود ساختہ مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی شروع کر رکھی ہے اس سلسلے میں انہوں نے متعدد قصائیوں کو گوشت مقرر ہ کردہ نرخ سے زیادہ نرخ پر فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو روزمرہ استعمال کے اشیاء خوراک حکومت کی مقرر ہ کردہ نرخوں کے مطابق وافر مقدارمیں فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مفت آٹے کی تقسیم کے مختلف مراکز کا بھی دورہ کیا۔