اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضا فے اور بے تحاشہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں جھنگی سیداں میں احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں اور کار کنان جماعت اسلامی نے شر کت کی۔ مظاہرین نے بجلی کے بلوں میں اضا فے اور حکومت کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی ، احتجاجی ریلی کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا نے کی جبکہ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی محمد کاشف چوہدری ، میاں محمد رمضان ، ارشد مرزا، اسماعیل امان ، حا جی دلاور ، زاہد مغل ، اُسامہ طاہر نے بھی خطاب کیا۔مطاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ واپس لیا جائے، یہ ظلم اور ناانصافی ہے، بجلی کے بلوں میں درجن بھر ٹیکسز شامل ہیں، انھیں ختم کیا جائے، صارفین سے وہ وصول کیا جائے جو وہ خرچ کرتے ہیں۔ نگران حکومت سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پر عمل پیرا نہ ہو، آئے روز بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضا فے سے عوام کا صبر کا پیمانی لبر یز ہو چکا ہے ، حکومتوں کے ان رویوں نے عوام کو سول نا فر مانی کی تحریک شر وع کر نے پر مجبور کر دیا ہے ، انھوں نے کہا حکو مت اشرافیہ کو مفت پیٹرول اور بجلی کی فراہمی بند کر ے ،ہر گھر پر بجلی کے بل قیامت بن کر گر رہے ہیں، پٹرول کی قیمت آسمانوں سے باتیں کر رہی ، ادویات اور اشیائے ضروریہ غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں،بجلی کی قیمتوں میں اضا فے کے خلاف پورا ملک سڑکوں پر ہے اور عملا حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے ، انھوں نے کہا نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی تابعداری وغلامی اور عوام پر مہنگائی کی بمباری میں پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان سمیت چینی آٹے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ اور نگران حکومت سے بھتری کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ نصر اللہ رند ھاوا نے کہا پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومتیں موجودہ مہنگائی، معاشی بدحالی اور بے روزگاری کی ذمہ دار ہیں، حکمرانوں نے اپنی مراعات اور پروٹوکول میں کمی کی بجائے، قرضوں کی واپسی کے لیے عوام پر ٹیکسز عائد کیے، مہنگائی کر کے غریبوں کا خون نچوڑا، عوام میں اب مزید قربانیاں دینے کی سکت نہیں، اگر کوئی مزدور ماہانہ 15ہزار کماتا ہے تو اس کا بل 20ہزار آجاتا ہے، اب اس کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو چوری کرے یا خودکشی،انھوں نے کہا کہ ملک پر مسلط رہنے والی حکمران جماعتوں سے بہتری کی توقع نہیں، یہ لوگ سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو عوام کی حالت نہیں بدلے گی، مسائل کے حل کے لیے ملک کو ایمان دار اور اہل قیادت درکار ہے۔ محمد کاشف چوہدری نے کہا بجلی کے عوام دشمن بلوں پر حکو مت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور ملک بھر میں بجلی کے ہوشربا بلوں پر عوام بھر پور احتجاج کرکے اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں ،شہر شہر ،گاوں گاوں بجلی کے بلوں کے خلاف احتجاج اور بلز جلائے جا رہے ہیں جو نا اہل حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اعلان بغاوت ہے ،ہم حکومت کو خبردار کرتے ییں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری واپس نہ لیا گیا تو نتائج کے ذمہ دار نا اہل حکمران ہونگے، انھوں نے کہا حکمران عوام دشمن پالیسیوں کے نفاذ کے لئے عالمی مالیاتی اداروں کے آلہ کار نہ بنیں اور عوام دشمن فیصلوں کے بجائے حکمران اپنے شاہانہ طرز زندگی اور حکومتی اخراجات کو کنٹرول کرے تو حالات بہتری کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔