باجوڑ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر باجوڑ محمد انور الحق کے ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ خان یوسفزئی کی محکمہ زراعت دفتر خار سول کالونی میں کسانوں کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں لائن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت کے آفسران ڈاکٹر سبحان الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں کسان موجود تھے. اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ خان یوسفزئی نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ میں کسانوں کی تکالیف اور مشکلات کا ہمیں احساس ہے۔ محکمہ زراعت کو ضلعی انتظامیہ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ محکمہ زراعت باجوڑ میں کسانوں کی مشکلات حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ہم باجوڑ کے کسانوں کی محنت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ باجوڑ کے معیشت میں کسانوں کا کردار قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر کسانوں نے آفسران کے سامنے اپنے مشکلات اور مسائل پیش کئے۔ کچھ مسائل اسسٹنٹ کمشنر خار محب اللہ خان یوسفزئی نے موقع پر حل کیے جبکہ باقی مسائل کے حل کی جلد سے جلد یقینی دہانی کرائی۔