پشاور(مانند نیوز)بجلی کے بھاری بلز ،بے جا ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان سڑکوں پرنکل آئے، بجلی کے بھاری بلز اور بے جا ٹیکسز کے خلاف عوام کا احتجاج ملک بھر میں جاری ہے جب کہ ملک کے تاجروں نے بھی بھاری بلز کے خلاف بھرپور مظاہرے جاری رکھنے اور شٹر ڈاون کے اعلانات کیے ہیں۔اس حوالے سے مردان میں دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہو ئے دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کے صدرعمیر خان اتوزئی،جنرل سیکرٹری سیدفدا محمد،سنئیر نائب صدروسیم عباس ، نائب صدراول پیر سیلمان، نائب صدر دوئم ناصر خان امازائی،جائنٹ سیکرٹری عابد علی یوسفزئی ، فنانس سیکرٹری ملک عتیق اللہ نے کہا کہ پراپرٹی سیکٹر کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری طور پر ظالمانہ ٹیکس ختم کئے جائیں، ظالمانہ بجلی بل اور ٹیکس کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں جو کہ غریب عوام کیلئے ایٹم بم سے کم نہیں،انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے تاجروں نے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں۔ صورت حال کو سنبھالا نہ گیا تو حالات قابو سے باہر ہو جائینگےانہوں نے کہا کہ کسی کا بل 25 گنا بڑھ گیا ہے کسی کا 50 فیصد۔ جن اداروں کو مفت بجلی اور پیٹرول مل رہا ہے اسے بند کیا جائے۔سارا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جارہا ہے۔ حکومت تاجروں سے صرف قربانیاں نہ مانگے خود بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہوجائے۔ پراپرٹی ٹیکس کو ڈبل کردیا گیا ہے ہر کاروبار تباہی کے دہانی پر کھڑا ہے۔