پشاور(مانند نیوز ڈیسک) خواندگی کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے داخلہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا۔ رواں سال سکولوں سے باہر 16لاکھ بچوں کوداخل کرنے ہدف رکھا گیا ہے جس کیلئے پشاور سمیت صوبہ بھر میں ” پڑھے گا خیبر پختونخوا،بڑھے گا خیبرپختونخوا” کے نام سے داخلہ مہم جاری ہے۔ اس مقصد کیلئے محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو عالمی رضاکارتنظیموں کا تعاون حاصل ہے۔ داخلہ مہم کے سلسلے میں پشاور کے علاقوں میرہ کچوڑی، پاوکہ سمیت چارسدہ،نوشہرہ اوردیر کے مختلف علاقوں میں واقع سرکاری اسکولوں میں محکمہ تعلیم کیساتھ مل کر پی آر ڈی ایس نے تقریبات وآگاہی واک کا انعقاد کیا جس میں محکمہ تعلیم افسران کے علاوہ ایم وائی آر پروگرام کے صوبائی افسران سمیت،متعلقہ اداروں کے دیگرنمائندوں، والدین اوربچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے شرکائنے بینرز و پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر حصول تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔