لاہور(مانند نیوز ڈیسک)سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے۔ شہباز شریف حال ہی میں 2 مرتبہ لندن گئے تھے جہاں انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتِ حال اور نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا پروگرام فائنل ہے، ملکی عوام تاریخی استقبال کریں گے۔ شہباز شریف نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے قبل بیرونِ ملک سفر نہ کریں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف کو نواز شریف کی وطن واپسی میں حائل قانونی رکاوٹیں دور کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ نواز شریف کی ہدایت پر وطن واپس آنے والے شہباز شریف قانونی ٹیم سے اہم مشاورتی میٹنگ بھی کریں گے۔ اس سے لندن میں ہونے والی اہم میٹنگ میں نواز شریف نے پارٹی احتساب کا بیانیہ لے کر ہی انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا احتساب کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔