سوات (مانند نیوز ڈیسک)سوات کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مفرور رہنما مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر جعلی دستخط کرنے والے 2افراد کو جیل بھجوادیا۔ پی ٹی آئی کے مفرور رہنما مراد سعید کے کاغذات نامزدگی پر جعلی دستخط ہونے پر ریٹرننگ افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرادیا گیا۔ریٹرننگ افسر کی شکایت پر پولیس نے جعلی دستخط کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا، ملزمان کو مقامی عدالت نے جیل بھیج دیا۔ریٹرننگ آفیسر این اے4 کی جانب سے درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم مراد سعید ولد سعداللہ خان ساکن کبل جو پہلے سے ملزم اشتہاری ہے، اس کی جانب سے این اے 4 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جس میں ان کا تجویز کنندہ حمید خان ولد عمران خان ساکن کوزہ بانڈی اور تائید کنندہ عمران خان ولد تاج محمد ساکن کوزہ بانڈئی نے کاغذات نامزگی پر مراد سعید کے جعلی دستخط کروائے۔ایف آئی آر کے مطابق تھانہ مٹہ میں تینوں ملزمان کے خلاف دفعات 419,420,468,471کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔