لاہور(مانند نیوز ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا ہے، 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کر دی ہے، جس کے بعد درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔سرکاری وکیل نے درخواست خارج کرنے کی استدعا کردی۔ انوار الحق کاکڑ کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 15 نومبر کو نگران وزیر اعظم کی 90 روز کی آئینی مدت مکمل ہو چکی، 90 روز کے بعد نگران وزیراعظم کا عہدے پر برقرار رہنا غیر قانونی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔