پشاور(مانند نیوز ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کو یونیورسٹی کا درجہ دینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کے ڈائریکٹر جنرل خالد الیاس، سیکرٹری فارسٹ نظر حسین شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نے صوبائی وزیر کو انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ضروری فیصلے کئے گئے اجلاس میں فضل حکیم خان یوسفزئی نے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جلد سے جلد کاغذی کارروائی کو مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ پشاور پورے پاکستان میں ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو طالب علموں کو بہترین اور جدید تعلیم سے آراستہ کرتا ہے انہوں نے کہا کہ اس انسٹیٹیوٹ کو یونیورسٹی کا درجہ دینا طالب علموں کے مستقبل کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہترین تعلیم سے آراستہ کرنا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ اس اہم اقدام کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔