اورکزئی (مانند نیوز)ضلع اورکزئی میں سیکورٹی فورسز، ضلعی انتظامیہ اور خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے منعقدہ 3 روزہ سپرلی میلے کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں۔ میلے میں مقامی لوگوں کے علاوہ سیاح بھی کثیر تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔میلے کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب نے گزشتہ روز کیا تھا۔کھیلوں کے مقابلوں کے علاوہ ثقافتی اور روایتی سٹالز بھی میلے کا حصہ ہیں۔میلے کے دوسرے روز کی تقریبات کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل نور ولی خان تھے جنہوں نے خود مختلف سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور ان میں خاص دلچسپی لی۔آئی جی ایف سی نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم بھی کئے۔آئی جی ایف سی اپنے خطاب میں ان تمام محکموں اور اداروں کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس میلے کو مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کیلئے بھی یادگار بنایا۔انہوں نے ضلع اورکزئی میں سیاحت کے ممکنہ موقعوں اور متعلقہ محکموں کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے انفراسٹرکچر کو اجاگر کیا۔میلے میں نوجوانوں اور بڑوں کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے میلے کو چار چاند لگا دیئے۔علاقے کے لوگوں نے میلے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی اس طرح کی مثبت سرگرمیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔