پشاور( مانند نیوز)عبدالولی خان یونیورسٹی کے پروفیسر و سکالر ڈاکٹر محمدسہیل نے کہا ہے کہ اعلیٰ معیار کی تعلیم و تربیت کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم اور معاشرہ اپنے مقاصد اور اہداف حاصل نہیں کر سکتا۔ باشعور قوم ہی ایک مثالی معاشرہ قائم کر سکتی ہے اور تعلیم کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوند خوڑ مردان میں نجی تعلیمی ادارہ لوند خوڑ ڈگری کالج کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،تقریب سے ادارے اونرز انجنئیر بلال خان،نور خان،سکالر نور محمد،کائنات،ندیم محمد،ماہر تعلیم اقبال انور،سکالر آفتاب احمد اور سکالر مہتاب احمد خاننے بھی خطاب کیا،مقررین نے کہا کہ ہماری نسل نو ترقی یافتہ دنیا کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیتیں رکھتی ہے بس ہمیں ان کے لئے راستے ہموار کرنا ہونگے۔ کم آمدنی والے شہریوں کے بچوں کو معیاری تعلیم و تربیت کے ذریعے اچھا شہری بنانا ادارے کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی و معیاری تعلیم کا فروغ ملک و قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شرح خواندگی میں اضافے اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے،شرح خواندگی بڑھانے کیلئے زندگی کے تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں،تعلیم کی زیور سے آراستہ ہوکر دنیا کی ترقیافتہ قوموں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔