کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“(سزا یا جزا) کے تحت کوہاٹ ڈویژن کے 5 اضلاع کوہاٹ، کرک، کرم، اورکزئی اور ہنگو میں 6 روزہ گرینڈ صفائی مہم 18 اگست سے پورے زور و شور سے جاری ہے۔مذکورہ صفائی مہم کا آغاز تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صفائی سے کیا گیا ہے۔یہ مہم 2 مرحلوں پر مشتمل ہے۔پہلے مرحلے کے پہلے3 دنوں میں ہسپتالوں، سرکاری تعلیمی اداروں، عمارتوں، کالونیوں، ہاسٹلز اور دینی مدارس کی جبکہ دوسرے مرحلے کے آخری 3 دنوں میں بازاروں، اڈوں، پارکس، ندی نالوں، تفریحی و عوامی مقامات اور پٹرول پمپس کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کی جائے گی6 روزہ مہم کی مجموعی نگرانی کمشنر کوہاٹ ڈویژن جبکہ اضلاع کی سطح پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کررہے ہیں۔اس سلسلے میں کمشنر کوہاٹ سید معتصم باللہ شاہ نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی کے ہمراہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کا دورہ کیا اور صفائی مہم کی خود نگرانی کی۔انہوں نے جاری صفائی مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ سلسلہ صرف اس مہم تک نہیں بلکہ مستقل طور پر اسی طرح جاری رہنا چاہیے کیونکہ صفائی کی اہمیت اسلامی تعلیمات سے بھی واضح ہے اور اسے ایمان کا حصہ قرار دیا ہے۔