تورغر (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈینگی پریونشن اور رسپانس یونٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف حکومتی اداروں کے افسران نے شرکت کی، جن میں اسسٹنٹ کمشنر جدباء تورغر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تورغر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم اے جدباء، ریسکیو 1122 اور محکمہ تعلیم کے افسران شامل تھے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ضلع تورغر میں ڈینگی وائرس کی روک تھام اور اس سے بچاؤ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکومتی اداروں نے صفائی مہمات، عوامی آگاہی پروگرامز اور اسپرے مہمات کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر انور زیب نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے اپنے اقدامات میں مزید تیزی لائیں اور ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں ڈینگی کے پھیلاؤ کا خدشہ زیادہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوامی آگاہی میں اضافے اور مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کرنے پر بھی زور دیا، تاکہ ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔