پشاور (مانند نیوز)تدریسی ہسپتال باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں نومولود بچوں کے حوالے سے نیونیٹل مکینکل وینٹی لیشن تربیتی کورس اختتام پزیر ہوگیا، دو روزہ اس تربیتی کورس میں مردان میڈیکل کمپلیکس، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، خیبرٹیچنگ ہسپتال، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال سمیت متعدد ہسپتالوں سے 55ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس نے شرکت کی۔ترجمان باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی کے مطابق تربیتی کورس میں نومولود بچوں کے حوالے سے اکسیجن تھیراپی، ہائی فلوتھراپی اور نرسنگ کئیر کی تربیت دی گئی، کورس کا انعقاد پیڈیاٹرک اینڈ نیونٹالوجی ڈیپارٹمنٹ باچاخان میڈیکل کمپلیکس، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائسنز اور دی چلڈرن ہسپتال لاہور کے اشتراک سے کیا گیا۔ تربیتی کورس کا مطلب صحت کے عملہ کو نومولود بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق علاج کی فراہمی کے حوالے سے تربیت دینا تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر خواجہ عرفان وحید، ڈاکٹر مظہر قادر خان، ڈاکٹر احمد رانہ، ڈاکٹرابراہیم بن افسر، ڈاکٹر ثمینہ اسلم اور ڈاکٹر سجاد الرحمن نے شرکاء کو تربیتی کورس فراہم کیا۔ شرکاء نے کورس کو نومولود بچوں کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا۔ کورس کے اختتام پر تمام شرکاء کو اسناد ی گئیں، جبکہ مہمان خصوصی اور ممبر بی او جی باچاخان میڈیکل کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر طفیل محمد نے تربیتی کورس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ ہسپتال ڈائریکٹر نے تمام کورس انتظامیہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اس قسم کے تربیتی کورس میں مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔