کوہاٹ (مانند نیوز)اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے زیر اہتمام تاندہ ڈیم کوہاٹ میں معروف ادبی شخصیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ وقاص احمد کے اعزاز میں محفل مشاعرہ منعقد کیاگیاجس کی صدارت معروف شاعر رحمت شاہ رحمت نے کی۔ پروفیسر فضل الرحیم فاضل اور معروف شاعر نعیم ہمدرد بھی مہمان خصوصی کے ہمراہ تھے۔ گل صاحب خان نے حمد، رحمت شاہ رحمت اور سید ظفر شاہ ظفر نے نعت شریف پیش کئے۔نظامت کے فرائض تنظیم کے جنرل سیکرٹری سید معصوم شاہ معصوم نے سر انجام دئیے۔ مہمان خصوصی نے شعراء کرام پر زور دیا کہ غزل نظم کے ساتھ ساتھ حمد اور نعت شریف بھی لکھا کریں اورآئندہ نعتیہ مشاعرہ رکھیں جس پرتنظیم کی طرف سے آئندہ نومبر میں نعتیہ مشاعرہ رکھنے کا اعلان کیاگیا۔صدر محفل رحمت شاہ رحمت،سید معصوم شاہ معصوم، رحمت شاہ رحمت، فیروز خان صادق، اعظم چاچا، گل صاحب خان، رحیم خان مجروح، ماسٹر شفیع اللہ، گل حبیب حبیب، ادریس امیل، اشرف اللہ اشرف، حامد سلیمان، شاہ بہرام احمد، پروفیسر فضل الرحیم فاضل، حافظ عارف، سید ظفر شاہ ظفر، نعیم ہمدرد، مجروح خویشگی اور دیگر نے ہندکو،پشتواوراردومیں اپنے کلا م پیش کئے۔ اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے صدر فیروز خان صادق نے دیگر اضلاع کی طرح کوہاٹ میں بھی ضلعی حکومت کے تعاون سے محفل مشاعروں کے انعقاد،ایوب صابر ہال کی ادبی تنظیموں کو مفت فراہم کرنے، کوہاٹ آرٹس کونسل کی بحالی اور ادبی تنظیموں کی سرپرستی اور مالی تعاون اور شعراء کرام کی کتابوں کی اشاعت کا مطالبہ کیا۔مہمان خصوصی وقاص احمد نے اباسین ادبی ٹولنہ اور کوہاٹ کے شعراء کرام کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔