دیر (مانندنیوز )ضلع دیر بالا میں تجاوزات کیخلاف کاروائی کی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عوامی شکایات کے حل کے لئے فوری اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر واڑی صاحبزادہ عباس خان نے نھاگدرہ فیز ون روڈ پر ملاگجر کے مقام پر عوامی راستوں میں تجاوزات کی روک تھام کے لئے کاروائی کی۔ مذکورہ مقام پر سڑک کے کنارے قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا گیا، جو کہ عوامی آمد و رفت میں رکاوٹ کا باعث بن رہے تھے۔ اس کے علاوہ تجاوزات کرنے والے افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے تاکہ آئندہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہیں۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو بلا رکاوٹ اور محفوظ راستے فراہم کرنا ہے اور یہ یقین دہانی کروانا ہے کہ آئندہ بھی ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے عوامی مشکلات کا بروقت آزالہ ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نوید اکبر نے تمام متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عوامی مقامات پر تجاوزات کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ ضلع دیر بالا کی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوشاں ہے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر دیر کی نگرانی میں دیر بازار میں انٹی انکروچمنٹ آپریشن ھوا جس میں تحصیلدار دیر، ٹی ایم اے دیراوردیر لیویز فورس کی اہلکاروں نے شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر دیر کے زیر نگرانی دیربازار سے غیر قانونی اور غیر ضروری تجاوزات ہٹادیے گئے جس سے عوام کو پیدل چلنے میں بھی شدید مشکلات درپیش تھی اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر تھی۔ بازار کے دونوں اطراف غیر قانونی پارکنگ،تجاوزات،رانگ پارکنگ اور فٹ پاتھ پر سامان رکھنے والے متعدد دوکانداروں کے تجاوزات ہٹادیے گئے۔