پشاور(مانند نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر صوبائی اسمبلی میں یوم اقبال کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قائمقام سیکرٹری سید وقار شاہ نے کیک کاٹا اور شخصیت و فلسفہ اقبال پر روشنی ڈالتے ہوتے سیمینارز اور کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ یوم علامہ اقبال کی تقریب میں صوبائی اسمبلی کے افسران نے شرکت کی، اس موقع پر محسن ملت علامہ محمد اقبال کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں، قائمقام سیکرٹری سید وقارشاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپیکر بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر علامہ اقبال کی شخصیت اور انکے فلسفے پر مشتمل تعلیمات پر عنقریب صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائیگا جن میں اراکین اسمبلی، اسمبلی سٹاف، یونیورسٹیوں کے طالب علموں اور نوجوانوں کو فلسفہ علامہ اقبال سے روشناس کروایا جائیگا، قائم مقام سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ آج اس شخصیت کا یومِ ولادت ہے جنہیں مفکر پاکستان، عظیم فلسفی اور حکیم الامت کے نام سے جانا جاتا ہے، ہمیں یہ بات کبھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ آج جس آزاد اور خودمختار ریاست میں ہم اپنی آزادانہ زندگیاں بسر کر رہے ہیں وہ حضرت علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر ہے، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کا کلام، قرآن و سنت کی ترجمانی کرتا ہیاور آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، نسل نو کی بہترین تربیت کیلئے ضروری ہے کہ مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے فلسفے اور فکر کو فروغ دیا جائے۔