کرک (مانند نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت ضلعی انتظامیہ کرک نے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد جان کی ہدایت پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ٹیری، تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں خواتین کیلئے خصوصی کھلی کچہری کا اہتمام کیا جس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ داؤد شاہ حافظ علی نعیم شیخ نے کی۔کھلی کچہری میں صوبائی اور وفاقی محکموں اور اداروں کے متعلقہ حکام اورخواتین کونسلرز کے علاوہ عام خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔خواتین نے اس موقع پر کھل کر اپنے مطالبات/مسائل پیش کئے جن میں سے عام نوعیت کے زیادہ تر مسائل موقع پر حل کر دیئے گئے جبکہ دیگر کو حل کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ڈیڈ لائن کے ساتھ ریفر کرتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی ہدایات دی گئیں۔شرکاء کو یقین دہانی کرائی گئی کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے مسائل پر ہر صورت عملدرآمد ہو گا اور پیش رفت سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔انہیں یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ یہاں پر کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شرکاء نے خواتین کیلئے خصوصی کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کچہری ضرور مفید ثابت ہو گی۔