کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حامد اقبال اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کی انسداد پولیو مہمات کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کی کامیابی میں کوئی کسر نہ رکھی جائے۔انہوں نے ضلع کوہاٹ کے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کوہاٹ سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کاخاتمہ ممکن ہوسکے گا۔