کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے ڈویژنل فارسٹ آفیسر کوہاٹ اور سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر کے ہمراہ ”زیتون کے باغات کے پراجیکٹ“کے تحت بابری بانڈہ میں لگائے گئے زیتون کے باغ کا معائنہ کیا جو محکمہ جنگلات کی جانب سے حبیب بینک لمیٹڈ اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے تعاون سے کامیابی سے شروع کیا گیا ہے۔ معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے باغات کے پورے علاقے کا بغور جائزہ لیا اور شجر کاری کے منصوبے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید برآں انہوں نے باغ میں نصب ڈرپ اریگیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا جو پودوں کو مکمل طور پر فعال اور مؤثر طریقے سے پانی کی فراہمی کیلئے نصب کیا گیا ہے۔منصوبے کی کامیابی کیلئے مناسب دیکھ بھال پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کئی اہم تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے زیتون کے پودوں کے اردگرد سے جڑی بوٹیوں اور دیگر غیر ضروری پودوں کو ہٹانے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیتون کے پودوں کی بہترین نشوونما کیلئے ضروری جگہ اور وسائل یقینی بنائی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے پودوں کی نشوونما کو برقرار رکھنے کیلئے باقاعدگی سے پانی دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زیتون کے باغ کی مسلسل دیکھ بھال اور اس کی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔