پشاور(مانند نیوز) غیر سرکاری تنظیم ایم آر ڈی او (MRDO) نے مسلم چیریٹی یوکے (Muslim Charity UK) کی مالی معاونت سے ڈسٹرکٹ سینٹرل ہسپتال سیدو شریف سوات کے چلڈرن نرسری وارڈ کے لیے مزید 3 جدید انکیوبیٹرز فراہم کر دیے، جس کے بعد ہسپتال کے نرسری وارڈ میں دستیاب انکیوبیٹرز کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے، جن میں سے 5 انکیوبیٹرز مسلم چیریٹی یوکے کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔انکیوبیٹرز کی فراہمی کا مقصد نرسری وارڈ میں زیرِ علاج نومولود بچوں، خصوصاً کم وزن اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا اور ان کی نگہداشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ جدید انکیوبیٹرز نومولود بچوں کے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے اور انہیں طبی نگرانی میں رکھنے کے لیے اہم طبی سہولت تصور کیے جاتے ہیں۔اس سلسلے میں ایم آر ڈی او کے پروگرام مینیجر سکندر خان اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر جنید خان نے 3 انکیوبیٹرز ڈسٹرکٹ سینٹرل ہسپتال سیدو شریف کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر فاروق اور ڈاکٹر سجاد کے حوالے کیے۔اس موقع پر ہسپتال کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر فاروق نے طبی سہولیات میں اضافے کے لیے ایم آر ڈی او اور مسلم چیریٹی یوکے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکیوبیٹرز کی فراہمی سے نرسری وارڈ میں زیرِ علاج نومولود بچوں کی نگہداشت اور علاج میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ تقریباً 70 کے قریب ایسے مریض بچے آتے ہیں جنہیں انکیوبیٹرز کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے باعث موجودہ سہولیات پر دباؤ رہتا ہے۔ ان کے مطابق مزید انکیوبیٹرز کی دستیابی سے ضرورت مند بچوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور نرسری وارڈ کی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈاکٹر فاروق نے امید ظاہر کی کہ مسلم چیریٹی یوکے مستقبل میں بھی سوات کے اس اہم طبی مرکز کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے مزید انکیوبیٹرز اور دیگر ضروری طبی آلات فراہم کرے گی، تاکہ نرسری وارڈ میں نومولود بچوں کے علاج اور نگہداشت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ایم آر ڈی او اور مسلم چیریٹی یوکے کے اس اقدام کو شہری اور سماجی حلقوں کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی آلات کی فراہمی سے نہ صرف نومولود بچوں کو بہتر علاج کی سہولت ملتی ہے بلکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بھی اپنے علاقے میں ضروری طبی سہولیات میسر آتی ہیں۔سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نومولود بچوں کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ سینٹرل ہسپتال سیدو شریف کے نرسری وارڈ میں مزید انکیوبیٹرز، مانیٹرز اور دیگر ضروری طبی آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی بھی نومولود بچے کو طبی آلات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے